غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے عملے نے اتوار کی صبح غزہ کی پٹی سے رفح کراسنگ کے راستے متعدد مریضوں کو طبی بنیادوں پر بیرون ملک منتقل کرنے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام ان انسانی کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد ان مریضوں کے لیے علاج کو یقینی بنانا ہے جنہیں غزہ کی پٹی سے باہر طبی نگہداشت کی اشد ضرورت ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 17 مریضوں نے اپنے 33 تیمارداروں کے ہمراہ خان یونس میں واقع سوسائٹی کے طبی بحالی ہسپتال سے رفح کراسنگ کی جانب سفر شروع کیا۔ ان مریضوں کو عالمی ادارہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے بعد بیرون ملک علاج مکمل کرنے کے لیے منتقل کیا جا رہا ہے۔
جمعیت ہلال احمر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کارروائیوں میں اس کی شرکت مریضوں اور زخمیوں کی مدد کرنے کے انسانی مشن کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد علاج کی سہولیات تک ان کی رسائی کو آسان بنانا ہے، بالخصوص ایسے حالات میں جب غزہ کی پٹی کے اندر طبی مراکز پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور بعض کیسز کو لازمی طور پر بیرونی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔
