غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اپنے اہم کمانڈر فادی سالم اسلیم المعروف ابو یحییٰ کی شناخت کو ایک نئی ویڈیو میں منظر عام پر لاتے ہوئے ان کا چهرہ پہلی بار دنیا کو دکھا دیا ہے، جو اپنی طویل جدوجہد کے برسوں میں ہمیشہ نقاب کے پیچھے رہے۔ اس جاری کردہ ویڈیو میں فادی اسلیم کے مختلف مناظر دکھائے گئے ہیں، جن میں وہ القسام بریگیڈز کے معروف عسکری ترجمان ابو عبیدہ کے پہلو میں بھی کھڑے نظر آ رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ غزہ کی پٹی میں جاری عسکری ونگ کی سرگرمیوں، سماجی کاموں اور ہتھیار اٹھائے ہوئے میدانِ عمل میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
اس ویڈیو کی اشاعت اقمار الطوفان (طوفان کے چاند) نامی سیریز کے تحت کی گئی ہے جو معرکہ طوفان الاقصیٰ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے القسام بریگیڈز کے ان شہداء اور قائدین کی زندگی اور قربانیوں کو دستاویزی شکل دینے کے لیے تیار کی گئی ہے جنہوں نے قابض اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں نچھاور کیں، جن میں فادی اسلیم بھی شامل ہیں جو سنہ 2024 مئی میں شہید ہوئے تھے۔ اس دستاویزی کلپ میں شہید فادی اسلیم کے ان اہم کرداروں پر روشنی ڈالی گئی ہے جو انہوں نے عسکری اور میڈیا کے محاذ پر سرانجام دیے، وہ حذیفہ الکحلوت المعروف ابو عبیدہ کے نائب کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک وسیع لہر دوڑ گئی ہے جہاں صارفین اس کلپ کو بڑے پیمانے پر شیئر کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ شہید کا بن نقاب سامنے آنا ان کی شناخت کا ایک غیر معمولی انکشاف ہے اور ان کی شہادت کے بعد ان کی زندگی کو بصری طور پر محفوظ کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اس قسم کے مواد کی اشاعت کا مقصد القسام بریگیڈز کے ان گمنام ہیروز کی عظمت کو اجاگر کرنا ہے جنہوں نے جنگ کے دوران کلیدی کردار ادا کیا اور اپنی زندگیوں کو طوفان الاقصیٰ کے نصب العین اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف مزاحمت سے جوڑ کر تاریخ میں امر کر لیا، جبکہ غزہ کی پٹی میں غاصب صہیونی دشمن کے خلاف اب بھی مزاحمت کی یہ جنگ جاری ہے۔
