رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی اسیران کے اداروں نے “دنیا کے آزاد ضمیر انسانوں” سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی اسیران کو پھانسی دینے کے قانون کے منصوبے کو روکنے کے لیے فوری طور پر حرکت میں آئیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اسے جلد ہی اسرائیلی کنیسٹ میں منظور کر لیا جائے گا۔
اسیران کے اداروں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ “اسرائیلی آباد کار نوآبادیاتی نظام، دنیا کی جنگ میں مصروفیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، فلسطینی اسیران کو پھانسی دینے کا قانون منظور کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھا رہا ہے”۔ انہوں نے اسے “نسل کشی کے جرم اور منظم طریقے سے مٹانے کے عمل کے ذریعے فلسطینی وجود کو نشانہ بنانے” کے تناظر میں قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنیسٹ کی نام نہاد “قومی سلامتی” کمیٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب قانون کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے، تاکہ اسے آئندہ ہفتے توثیق کے لیے جنرل باڈی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
اس پیش رفت کے پیش نظر اداروں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس منصوبے کو منظور ہونے سے پہلے روکنے کے لیے فوری اور مؤثر مداخلت کرے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ گذشتہ مدت کے دوران انہوں نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ کو خطوط بھیجے ہیں، اس کے علاوہ ممالک کے نمائندوں اور سفارتی مشنوں کے ساتھ رابطہ کر کے ان کے سامنے یہ “خطرناک پیش رفت” پیش کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان پیش رفتوں میں قانون کا منصوبہ، اس کے علاوہ “جیلوں کے اندر جاری نسل کشی کی حقیقت” شامل ہے، جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جیلوں کو “مزید اسیران کو قتل کرنے کے لیے منظم تشدد کے مکمل نظام” میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اداروں نے زور دیا کہ جنگ کے بعد بین الاقوامی ملی بھگت، منظم عجز اور قانونی و اخلاقی ذمہ داریوں سے دستبرداری کی حالت نے، غاصب اسرائیل کو اپنی پالیسیوں کو تیز کرنے کے لیے اضافی کور فراہم کیا ہے، بشمول اسیران کو نشانہ بنانا، اور اسیران کو پھانسی دینے کا منصوبہ اس راستے کا “نقطہ عروج” ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض حکام نے دہائیوں سے جیلوں کے اندر سینکڑوں اسیران کے خلاف “سست موت کی پالیسیاں” اختیار کر رکھی ہیں، اور اشارہ کیا کہ جنگ کے آغاز سے یہ پالیسیاں بے مثال حد تک بڑھ گئی ہیں، جس سے موجودہ مرحلہ اسیران کی تحریک کی تاریخ کا “سب سے خونریز” مرحلہ بن گیا ہے۔
انہوں سے مزید کہا کہ اس مرحلے کے آغاز سے اب تک شہید اسیران کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 88 کی شناخت کا اعلان کیا جا چکا ہے، جبکہ درجنوں اب بھی جبری گمشدگی کا شکار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسیران کو پھانسی دینے کا قانون کا منصوبہ نیا نہیں ہے، بلکہ یہ ایک قانونی نظام کا حصہ ہے جس کی جڑیں برطانوی انتداب کے دور سے ملتی ہیں، تاہم اس کا اطلاق تاریخی طور پر محدود رہا اور سیاسی تحفظات سے جڑا رہا۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ اس کی منظوری کے مطالبات موجودہ اسرائیلی حکومت کے عروج کے ساتھ بڑھ گئے، جس کی قیادت وزیر ایتمار بن گویر کر رہے ہیں، اور دائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت کے ساتھ، وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کی بھی حمایت حاصل ہے، جس سے یہ حکومت کے مرکزی نعروں میں سے ایک بن گیا ہے۔
اداروں نے تشدد اور جنگی جرائم کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے عالمی دائرہ اختیار کے اصول کو فعال کرنے، اور اسرائیل کے بین الاقوامی قانون کی تعمیل کرنے تک اس کے ساتھ سفارتی، فوجی اور اقتصادی تعاون کے اشکال کو معطل کرنے کے اپنے مطالبات کو دہرایا۔
انہوں نے کنیسٹ اور اسرائیلی عدالتوں کے ساتھ “نسل پرست اداروں” کے طور پر برتاؤ کرنے، اور انہیں بین الاقوامی طور پر الگ تھلگ کرنے کے لیے کام کرنے کا بھی مطالبہ کیا، بشمول بین الاقوامی پارلیمانوں اور یونینوں میں ان کی رکنیت کو مسترد کرنا۔
اداروں نے تمام فلسطینی سیاسی اسیران کی فوری اور غیر مشروط رہائی، انتظامی حراست کی پالیسی کو ختم کرنے، فوجی عدالتوں کے نظام کو ختم کرنے، جیلوں کے اندر تشدد اور شہادت کے معاملات کی آزادانہ تحقیقات شروع کرنے، بین الاقوامی فوجداری عدالت کے ساتھ تعاون کرنے، اور گرفتاری کے وارنٹ پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو بغیر کسی پابندی کے اسیران سے ملاقات کرنے کے قابل بنانا۔
