مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) شمالی مغربی کنارہ کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں جالود پر اتوار کی علی الصبح درجنوں آباد کاروں نے ایک وسیع پیمانے پر حملہ کیا، جس کے دوران گھروں، گاڑیوں اور ولیج کونسل کی عمارت کو نذر آتش کر دیا گیا۔ اس مجرمانہ حملے کے خلاف مقامی لوگوں کی مزاحمت کے دوران تین نوجوان زخمی ہو گئے۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ آباد کاروں نے قابض اسرائیل کی افواج کی سرپرستی میں گاؤں پر دھاوا بولا اور شہریوں کی املاک بشمول گھروں، گاڑیوں اور ولیج کونسل کی عمارت کو جلا کر خاکستر اور تباہ و برباد کر دیا۔
قریبی دیہات کے نوجوانوں نے اس وحشیانہ حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں جھڑپیں شروع ہو گئیں، ان جھڑپوں کے دوران تشدد سے تین نوجوان زخمی ہوئے جنہیں ہلال احمر کے عملے نے طبی امداد کے لیے نابلس کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
اسی تناظر میں ہفتے کی شام آباد کاروں کے گروہوں نے جنین اور نابلس کی گورنریوں کے متعدد قصبوں پر بھی حملے کیے جن میں گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مغربی کنارہ کے دیہات اور قصبوں میں آباد کاروں کی ان جارحانہ کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو قابض اسرائیل کی افواج کے ساتھ مکمل تال میل اور ان کی حفاظت میں مسلسل دہرائی جا رہی ہیں۔
یہ حملے آباد کاروں کے ان صفحات کی جانب سے نکالی جانے والی کال کے بعد کیے گئے جن میں ہفتے کی شام ریلیاں نکالنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ان ریلیوں کا بہانہ نابلس کے شمال میں واقع قصبے بیت امرین سے چوری شدہ گاڑی کے الٹنے کے نتیجے میں ایک آباد کار کی ہلاکت اور دوسرے کے زخمی ہونے کو بنایا گیا۔
یہ سفاکانہ کارروائیاں مسلسل بڑھتی ہوئی جارحیت کا حصہ ہیں، کیونکہ گذشتہ ماہ فروری کے دوران قابض اسرائیلی افواج اور آباد کاروں کی جانب سے تقریباً 1965 حملے ریکارڈ کیے گئے جن میں جسمانی تشدد، درختوں کو اکھاڑنا، زمینیں جلانا، املاک پر قبضہ اور گھروں و تنصیبات کی مسماری جیسے گھناؤنے جرائم شامل ہیں۔
