بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے جمعرات کی شام لبنان کے کئی علاقوں پر وحشیانہ فضائی حملے کیے ہیں جن میں سے ایک حملے کے نتیجے میں بجلی کا ایک اہم ٹرانسفارمیشن سٹیشن مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ یہ پاور سٹیشن بنت جبیل شہر اور اس کے گرد و نواح کے دیہاتوں کو بجلی فراہم کر رہا تھا۔
لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج نے جمعرات کی شام جنوبی لبنان کے صوبہ نبطیہ میں واقع قصبے خیام کے مشرقی محلے میں 5 مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، تاہم ان فضائی حملوں کے مکمل نتائج تاحال واضح نہیں ہو سکے۔
اسی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ قابض فوج نے اسی صوبے کے علاقے “عین قانا” پر فضائی حملہ کیا جبکہ اسی دوران “علی الطاہر” کے جنگلاتی علاقے، “نبطیہ الفوقا” کے مضافات اور “کفر تبنیت” پر بھی شدید گولہ باری کی گئی۔
علاوہ ازیں قابض اسرائیل کی فضائیہ نے صوبہ نبطیہ کے ضلع مرجعیون کے قصبے قبريخا، ضلع بنت جبیل کے قصبے شقرا اور صوبہ جنوب کے ضلع صور میں واقع الناقورہ اور مجدل زون کو نشانہ بنایا، جبکہ ضلع بنت جبیل کے ہی قصبے یاطر پر توپ خانے سے شدید بمباری کی گئی۔
لبنانی ایجنسی کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے ضلع مرجعیون کے علاقے القلیہ میں ایک مکان پر توپ خانے کے 5 گولے داغے، اس کے ساتھ ساتھ ضلع نبطیہ میں “يحمر الشقيف” پر بھی فضائی حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب “مؤسسہ بجلی لبنان” نے جمعرات کو اعلان کیا کہ جنوبی لبنان میں ضلع بنت جبیل کے علاقے السلطانیہ میں واقع مرکزی ٹرانسفارمیشن سٹیشن کو قابض اسرائیل نے نشانہ بنایا ہے جس کے باعث یہ سٹیشن مکمل طور پر کام چھوڑ گیا ہے۔
لبنانی ایجنسی نے بجلی کے ادارے کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت نے السلطانیہ کے مرکزی پاور سٹیشن کو نشانہ بنایا جس سے بجلی کی تقسیم کے تمام سیل (Cells) تباہ ہو گئے اور پاور ٹرانسفارمرز سمیت کنٹرول اور پروٹیکشن روم کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سفاکیت کے نتیجے میں یہ مرکزی سٹیشن مکمل طور پر سروس سے باہر ہو گیا ہے، یاد رہے کہ یہ سٹیشن بنت جبیل شہر، اس کے مضافاتی دیہاتوں، جویا اور ضلع صور کے کچھ دیہاتوں کو بجلی فراہم کر رہا تھا۔ ادارے نے واضح کیا کہ اس حملے کے نتیجے میں عملے یا مزدوروں میں کوئی جانی نقصان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں جمعرات کو لبنانی وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 شہری شہید اور 152 زخمی ہوئے ہیں، جس کے بعد رواں ماہ کے آغاز سے لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی کل تعداد 1001 اور زخمیوں کی تعداد 2584 تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ 2 مارچ سے حزب اللہ نے قابض اسرائیل کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا، جو کہ 27 نومبر سنہ 2024ء کے سیز فائر کے باوجود لبنان پر دشمن کی مسلسل جارحیت اور 28 فروری سے جاری ایران کے خلاف حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کا ردعمل ہے۔
غاصب اسرائیل نے اپنی فضائی غارت گری کا دائرہ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں (ضاحیہ) اور لبنان کے جنوبی و مشرقی علاقوں تک پھیلا دیا ہے، جبکہ گذشتہ روز سے جنوب میں محدود زمینی دراندازی کی کوششیں بھی شروع کی گئی ہیں جنہیں حزب اللہ کے مجاہدین نے ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔
