بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ 2 مارچ سے لبنان پر جاری قابض اسرائیل کی سفاکانہ جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 886 تک پہنچ گئی ہے جن میں معصوم بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت نے اپنی یومیہ رپورٹ میں دلدوز تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 2 مارچ سے اب تک جامِ شہادت نوش کرنے والے مظلوموں کی تعداد 886 ہو چکی ہے جن میں 111 معصوم بچے اور 67 خواتین شامل ہیں جبکہ قابض اسرائیل کی سفاکیت کے باعث زخمی ہونے والوں کی تعداد 2141 تک جا پہنچی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وسیع پیمانے پر جاری صہیونی جارحیت کے آغاز سے اب تک انسانی جانیں بچانے والے شعبہ صحت سے وابستہ 38 کارکنان شہید اور 69 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق صرف آج پیر کے روز ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں 36 افراد شہید اور 36 ہی زخمی ہوئے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت نے گذشتہ روز اتوار کو جاری کردہ اپنی آخری شماریات میں بتایا تھا کہ 2 مارچ سے اب تک شہداء کی تعداد 850 تھی جن میں 107 بچے اور 66 خواتین شامل تھیں۔
اسی خونریز تناظر میں قابض اسرائیل نے آج اس سے قبل جنوبی لبنان میں ایک نئی زمینی کارروائی کے آغاز کا سنگدلانہ اعلان کیا ہے اور عسکری ماہرین کے اندازوں کے مطابق صہیونی افواج لبنانی حدود میں سات سے نو کلومیٹر کی گہرائی تک گھس چکی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران پر امریکہ اور قابض اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کا دائرہ علاقائی طور پر 2 مارچ کو لبنان تک پھیل گیا تھا اس سے قبل امریکہ اور تل ابیب نے گذشتہ 28 فروری کو ایران پر مسلسل جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں بے گناہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
