مشرقی یورپ کے ملک رومانیہ میں فوجی مشقوں کے دوران چھ اسرائیلی فوجی ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں. رومانیہ کے دارالحکومت بورخاست سے مرکز اطلاعات فلسطین کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ ملک کے وسط میں براسوف کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث دوران پرواز گر کر تباہ ہو گیا. رومانوی وزارت داخلہ نے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں چھ اسرائیلی اور کچھ رومانوی فوجی سوار تھے. تاہم ان کے ہلاک یا بچ جانے کے بارے میں تصدیق نہیں کی گئی. ادھر فرانسیسی خبررساں ایجنسی “فرانس پریس” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رومانیہ میں حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جاری فوجی مشقوں کے دوران تباہ ہوا. قبل ازیں18 جولائی کو رومانوی حکومت نے بتایا تھا کہ جنگی مشقوں کے دوران ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پراتار لیا گیا اور اب اس کی فنی خرابی دور کی جا رہی ہے. جبکہ رومانوی ٹی وی کا کہنا ہے کہ پیر کے روز تباہ ہونےوالا وہی ہیلی کاپٹر ہے جس میں گذشتہ اٹھارہ جولائی کو فنی خرابی پیدا ہوئی تھی.