پاراچنار(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)جمعۃ الوداع کے موقع پر عالمی یومِ القدس کے حوالے سے پاراچنار میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ کئی شرکاء رہبرِ معظم سید علی خامنہای کی تصاویر اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔
ریلی مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی شہید پارک پہنچی جہاں ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید عابد حسین الحسینی، علامہ فدا حسین مظاہری، علامہ تجمل حسین، علامہ اخلاق حسین شریعتی اور دیگر مقررین نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بلا جواز حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مناب کے ایک اسکول پر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں معصوم بچیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مقررین نے کہا کہ ایران نے اپنی استقامت اور مزاحمت کے ذریعے سپر طاقتوں کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور اسلامی انقلاب کے بانی روحالله خمینی کا یہ نعرہ آج سچ ثابت ہو رہا ہے کہ حقیقی سپر طاقت صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ القدس مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور قبلۂ اول مسجدِ اقصیٰ کی آزادی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جس کے لیے امتِ مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا۔
ریلی کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذرِ آتش کیے گئے جبکہ فلسطین کی آزادی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم فلسطینی عوام کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔