مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی مرکز برائے دفاعِ اسیران نے قابض اسرائیل کی جیلوں میں فلسطینی اسیران کے خلاف بڑھتی ہوئی انسانی سوز خلاف ورزیوں کے پیشِ نظر ان کے لیے فوری بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکز نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں وضاحت کی ہے کہ قابض اسرائیل کی جیلوں کے اندر اسیران کی بیرکوں پر چھاپے مارنا ایک منظم ریاستی دہشت گردی ہے جس کا مقصد تحریکِ اسیران کو نشانہ بنانا ہے۔
مرکز نے اسیران پر ہونے والے حالیہ وحشیانہ حملوں کی براہِ راست ذمہ داری اسرائیلی وزیرِ قومی سکیورٹی ایتمار بن گویر پر عائد کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بنجمن نیتن یاھو کی سربراہی میں قائم قابض حکومت جیلوں کے اندر جبر و تشدد کی کارروائیاں کو تیز کرنے کے لیے مکمل سیاسی سرپرستی فراہم کر رہی ہے۔
مرکز نے جیلوں کے اندر جاری سفاکانہ پالیسیوں کے پیشِ نظر اسیران کی حالتِ زار میں مزید ابتری اور سنگینی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
مرکز برائے دفاعِ اسیران نے خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری کی موجودہ حالات سے چشم پوشی اور بے حسی قابض حکام کو فلسطینی اسیران کے خلاف اپنی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم میں اضافے پر اکسا سکتی ہے۔
