مقبوضہ مغربی کنارہ -(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے کئی دیہاتوں میں غاصب آباد کاروں کے حملوں میں نیا اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے اور بڑے پیمانے پر مادی نقصان ہوا۔
نابلس کے جنوب میں واقع بلدہ جالود میں آباد کاروں کے حملے کو روکنے کی کوشش کے دوران متعدد شہری زخمی ہو گئے۔ یہودی آباد کاروں نے شہری عماد حمود کے گودام اور گاڑی کو آگ لگا دی جس سے آگ بھڑک اٹھی جسے بعد میں قابو پا لیا گیا جبکہ چار دیگر گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
آباد کاروں نے متعدد گھروں پر پتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں ان کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔
بیت لحم کے جنوب مشرق میں واقع گاؤں المنیا میں آباد کاروں نے شہریوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا جبکہ نابلس کی تحصیل قریوت میں آباد کاروں نے زمینوں پر قبضہ کرنے کے بعد وہاں ہل چلایا۔
یہ حملے غاصب صہیونی افواج کی مدد سے آباد کاروں کی جانب سے جاری مہمات کے سیاق و سباق میں ہو رہے ہیں۔