مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوب میں واقع الخلیل کے علاقے بادیہ یطا میں مسلح صہیونی آبادکاروں نے ایک فلسطینی چرواہے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور مار پیٹ کے بعد اس کی متعدد بھیڑیں چھین کر فرار ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مسلح غاصب آبادکاروں نے بادیہ یطا کے علاقے الدقیقہ کے قریب فلسطینی شہری ہیثم عاید مر کا پیچھا کیا اور ان کا راستہ روک کر انہیں بے دردی سے زدوکوب کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ غاصب درندوں نے فلسطینی شہری کا موبائل فون توڑ ڈالا اور ان کی سات بھیڑیں زبردستی اپنے قبضے میں لے لیں۔
اسی تناظر میں ایک اور مسلح آبادکار نے مسافر یطا کے علاقے حوارہ میں اپنی بھیڑیں فلسطینیوں کی تیار فصلوں میں چھوڑ دیں تاکہ انہیں تباہ کیا جا سکے اور وہاں موجود شہریوں پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض آبادکاروں کی سفاکیت اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان حملوں میں اس وقت سے مزید شدت اور خطرناک رخ پیدا ہوا ہے جب سے غاصب اسرائیل کی کابینہ (کابینٹ) نے ان فیصلوں کی منظوری دی ہے جن کا مقصد اراضی کے اندراج اور انتظام میں گہری تبدیلیاں لا کر الحاق کے مذموم منصوبے (گریٹر اسرائیل) کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
دیوارِ فاصل اور بستیوں کے خلاف مزاحمتی کمیشن کے مطابق گذشتہ جنوری کے دوران قابض اسرائیلی فوج اور غاصب آبادکاروں نے مجموعی طور پر 1872 حملے کیے۔ ان مجرمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 125 بدو خاندانوں کو جبری طور پر ہجرت پر مجبور کیا گیا جبکہ نو نئی بستیوں کے قیام کی کوششیں کی گئیں، 744 دونم اراضی پر قبضہ کیا گیا اور فلسطینیوں کی 126 تنصیبات کو مسمار کر دیا گیا۔
