غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی بمباری میں اپنے شوہر کی شہادت کے بعد 48 سالہ نابینا فلسطینی خاتون ہالہ عوض آج کل ایک کٹھن زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مغرب میں واقع ایک عارضی خیمے میں اپنے 7 بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔
ہالہ عوض ان انتہائی کٹھن حالات میں تن تنہا اپنے خاندان کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے ہیں۔ سنہ 2026 میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ آمدن کا کوئی مستقل ذریعہ نہ ہونے کے باعث وہ اپنے بچوں کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے سخت تگ و دو کر رہی ہیں۔ قابض اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ جنگ اور سفاکیت نے ان کے ہنستے بستے گھر کو اجاڑ کر رکھ دیا ہے جس کے بعد اب وہ اس کسمپرسی کی حالت میں اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے فکر مند ہیں۔
