غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ قابض اسرائیل “جھوٹے” بہانوں کی آڑ میں شہری گھروں کو نشانہ بنا کر غزہ کی پٹی میں سیز فائر معاہدے کی مسلسل اور بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
حازم قاسم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سنگین خلاف ورزیاں ان تمام ثالثوں اور ضامن ممالک کی کوششوں کو پسِ پشت ڈالنے کے مترادف ہیں جو غزہ میں امن کے تسلسل کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے ان تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایک واضح موقف اختیار کریں تاکہ قابض اسرائیل کو ان خلاف ورزیوں سے باز رہنے اور معاہدے کی پاسداری کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ آج بھی قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں پانچ فلسطینی شہری جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔ قابض دشمن گذشتہ سنہ 10 اکتوبر سے نافذ العمل سیز فائر معاہدے کی مسلسل دھجیاں اڑا رہا ہے۔ غزہ میں بمباری، فائرنگ اور شہریوں کے گھروں کو بارود سے اڑانے کے ان جرائم کے نتیجے میں گذشتہ سنہ اکتوبر سے اب تک 581 شہری شہید اور 1553 زخمی ہو چکے ہیں۔
