غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی شام غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد فلسطینی اسیران کو رہا کر دیا ہے جنہیں کئی ماہ تک اسرائیلی زندانوں اور تفتیشی و حراستی مراکز میں قید رکھا گیا تھا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض دشمن کی جیلوں سے رہا ہونے والے نو فلسطینی اسیران غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح میں واقع شہداء الاقصیٰ ہسپتال پہنچ چکے ہیں۔
اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے اسیران میڈیا نے ایک مختصر بیان میں وضاحت کی ہے کہ ریڈ کراس کی ایک گاڑی نے رہا ہونے والے ان اسیران کو قابض دشمن کے ایک فوجی چیک پوائنٹ سے شہداء الاقصیٰ ہسپتال منتقل کیا۔
طبی ذرائع کے مطابق ہسپتال پہنچنے والے اسیران کے نام درج ذیل ہیں:
اکتیس سالہ محمد احمد محمد دغمش، سینتیس سالہ محمد انور محمد دغمش، اٹھارہ سالہ احمد ایاد محمد البراوی، اٹھارہ سالہ محمد صائب عبد الحفیظ البراوی، بیس سالہ کرم نافذ محمود ابو میہ، انتیس سالہ طارق نعیم فہیم العجلہ، بائیس سالہ احمد ابراہیم موسیٰ الشاعر، اکتالیس سالہ شادی رمضان العبد المقید اور اکیس سالہ صقر عبد الفتاح علی ابو شقورہ۔
رہا ہونے والے ان اسیران کے جسموں پر قابض دشمن کی قید کے دوران برتی جانے والی سفاکیت اور غیر انسانی سلوک کے واضح اثرات نمایاں ہیں، جنہیں اب طبی معائنے اور علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
