اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا ہے کہ بین الاقوامی استحکام فورس میں شمولیت کا فیصلہ نہیں ہوا، ابراہام معاہدے کا حصہ نہیں بنیں گے،بورڈ آف پیس کو ابراہام معاہدے سے جوڑنا غلط فہمی ہے،پاکستان مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد میں اضافے کا حامی ہے، پاکستان دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے خلاف ہے، خطہ کسی نئی جنگ یا عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، امریکی ویزا پابندیوں کے خاتمے پر بات چیت اسلام آباد اور واشنگٹن میں جاری ہے، پاکستان کو امید ہے جلد ویزا پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا،پاکستان کے یو اے ای کے ساتھ برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں،قازقستان سے پاکستان ریلوے منصوبہ زیر غور ہے، ڈی آئی خان واقعے میں افغان شہری کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں، افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے بورڈ آف پیس میں نیک نیتی کے تحت شمولیت اختیار کی، بورڈ آف پیس میں شمولیت کامقصد غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم بنانا ہے، بورڈ آف پیس کا دوسرا مقصد غزہ کی تعمیر نو میں معاونت ہے جبکہ تیسرا مقصد فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت پر مبنی دیرپا امن کا قیام ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان اکیلا نہیں، 7 دیگر مسلم ممالک بھی بورڈ آف پیس میں شامل ہیں، سعودی عرب، مصر، اردن، یو اے ای، انڈونیشیا اور قطر بھی بورڈ آف پیس کا حصہ ہیں، بورڈ آف پیس کا آغاز گزشتہ برس ستمبر میں اجتماعی کوشش کے تحت ہوا، بورڈ آف پیس غزہ اور مسئلہ فلسطین کیلئے امید کی کرن ہے، 2 برس سے غزہ کے عوام شدید تباہی اور انسانی بحران کا شکار ہیں، اقوامِ متحدہ کی کوششیں اسرائیلی جارحیت روکنے میں ناکام رہیں، بورڈ آف پیس کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری حاصل ہے، بورڈ آف پیس اقوامِ متحدہ کا متبادل نہیں بلکہ معاون پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد میں اضافے کا حامی ہے، پاکستان دو ریاستی حل کی حمایت جاری رکھے گا، 1967ء کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست پاکستان کا مؤقف ہے، القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیا جاتا ہے، بورڈ آف پیس کی رکنیت 3 سالہ مدت پر مشتمل ہے، بورڈ آف پیس میں مستقل اور غیر مستقل رکنیت کی کوئی درجہ بندی نہیں، غزہ امن منصوبہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوںنے کہاکہ امریکا اور اسلام آباد میں ویزا پابندیوں سے متعلق مشاورت جاری ہے، پاکستان اس عمل کو اس کی اہمیت کے مطابق سنجیدگی سے فالو کر رہا ہے، امریکی ویزا پابندیوں کے خاتمے پر بات چیت اسلام آباد اور واشنگٹن میں جاری ہے، پاکستان کو امید ہے جلد ویزا پابندیوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جاری سفری ہدایت نامہ ڈاؤن اسکیل نہیں بلکہ اپڈیٹ ہے، نئی ٹریول ایڈوائزری میں بعض سابقہ سیکیورٹی نکات نکال دیے گئے ہیں، اپڈیٹ کے بعد امریکی شہریوں کے لیے پاکستان کا سفر مزید آسان ہو گیا ہے، پاکستان بین الاقوامی مسافروں کے لیے محفوظ اور کھلا ملک ہے، پاکستان اور امریکا اس معاملے پر سفارتی ذرائع سے رابطے میں ہیں۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان خطے میں امن و امان کے لیے کوشاں ہے، پاکستان طاقت کے استعمال اور جنگی جارحیت کی سخت مخالفت کرتا ہے، پاکستان ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے خلاف ہے، ایران پاکستان کا برادر اور اہم ہمسایہ ملک ہے، پاکستان امن اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کا حامی ہے۔