دوحہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ترجمان حازم قاسم نے واضح کیا ہے کہ مزاحمتی اسلحہ کا معاملہ “فلسطینی اندرونی معاملہ” ہے، جس پر گفتگو صرف قومی مکالمہ اور سیاسی و میدانی اتفاق رائے کے ذریعے ہونی چاہیے، تاکہ آئندہ مرحلے میں مزاحمت کی شکلوں اور مختلف فلسطینی محاذوں کے کردار کو متعین کیا جا سکے۔
حازم قاسم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے اسلحہ خالی کرنے کی باتیں “اسلحہ کے جرائم کو چھپانے” کی کوشش ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ “غیر قانونی اور مجرمانہ اسلحہ قابض اسرائیل کا وہ اسلحہ ہے جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور جس نے غزہ کی تباہی، محاصرے اور دو سال سے عوام کو بھوکا رکھنے میں استعمال کیا ہے”۔
انہوں نے ‘العربی الجديد’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو کے بیانات، جن میں وہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو کی بجائے حماس کا اسلحہ خالی کرنے پر زور دیتے ہیں “پہلے سے طے شدہ معاہدے کی صریح خلاف ورزی” ہیں۔
یاد رہے کہ نیتن یاھو نے گذشتہ پیر کو غزہ سے قابض اسرائیلی فوجی ران گویلی کی لاش نکالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ آئندہ مرحلے میں توجہ تعمیر نو پر نہیں بلکہ حماس کے اسلحہ خالی کرنے پر ہوگی۔
حازم قاسم نے کہا کہ قابض اسرائیل معاہدے کے شرائط کو دوبارہ ترتیب دینے کی کوشش کر رہا ہے، یہ نیتن یاھو کی داخلی سیاسی حسابات اور حکومت کے اندر اختلافات کا نتیجہ ہے، اور یہ “معاہدے کی صریح خلاف ورزی” اور حکومتی اتحاد کو برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔
حازم قاسم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مزاحمت کے اسلحے کے حوالے سے جو منصوبہ زیر بحث ہے، اس پر ابھی تک ثالثوں کی جانب سے کوئی مکمل تجویز پیش نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل اسلحہ چھیننے کرنے کی بات کرتے ہیں، جبکہ خود غزہ میں اپنے تابع ملیشیا کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے، جو شہریوں کے خلاف قتل، اغوا اور نشانہ بنانے کی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔
حازم قاسم نے زور دیا کہ موجودہ مرحلے میں واقعی کراسنگ کھولنا، مکمل امدادی سامان داخل کرنا، تعمیر نو کا آغاز اور قابض اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا ضروری ہے، خاص طور پر جب وہ انتظامی کمیٹی قائم ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے معاہدے کے نفاذ کے لیے ضروری ہے کہ غزہ کی انتظامیہ آزاد اور خودمختار قومی کمیٹی کے حوالے کی جائے، تاکہ امداد پہنچائی جا سکے، کراسنگ کھولے جائیں اور اسرائیلی فوجی وجود ختم ہو، جبکہ دیگر مسائل کے لیے قومی مکالمہ اور اتفاق رائے ضروری ہے اور انہیں جبری ہدایات کے تحت نہیں حل کیا جا سکتا۔
حازم قاسم نے انتظامی حوالے سے کہا کہ یہ عمل “پیشہ ورانہ، شفاف اور باوقار” ہوگا اور تمام فنی و لاجسٹک انتظامات تیار ہیں، ساتھ ہی ایک اعلیٰ کمیٹی نگرانی کرے گی اور فلسطینی جماعتیں، قبائلی ادارے اور بین الاقوامی ادارے بھی اس عمل کی پیروی کریں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حماس مکمل طور پر غزہ کی انتظامی کمیٹی کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے اور آئندہ مرحلے میں اس کے کامیاب عمل کے لیے تمام ضروری حالات فراہم کرنے کو تیار ہے۔
