مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے خبردار کیا ہے کہ قابض اسرائیل کی پشت پناہی سے جاری صہیونی آبادکاروں کی سفاکیت مغربی کنارے کے اسٹریٹجک علاقوں میں فلسطینی وجود کو براہ راست کمزور کرنے کا سبب بن رہی ہے۔
دفتر نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں واضح کیا کہ گذشتہ جمعہ سے اتوار کے درمیان مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صہیونی آبادکاروں نے کم از کم 10 سنگین حملے کیے جن میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مغربی کنارے کے اندر فلسطینیوں کی جبری منتقلی بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی جرم ہے اور یہ انسانیت کے خلاف جرم کے زمرے میں بھی آ سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ قابض اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں اپنی غیر قانونی موجودگی کا خاتمہ کرے اور تمام اقسام کی غیر قانونی صہیونی آبادکاری کو فوری طور پر روکے۔
