غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) الشهید عزالدین القسام کے عسکری ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے القسام بریگیڈز نے قابض اسرائیل کے قیدیوں اور لاشوں کے معاملے میں مکمل شفافیت کے ساتھ اقدامات کیے، اور تمام ذمہ داریاں جو جنگ بندی کے معاہدے کے تحت ان پر عائد تھیں، پوری کر لی ہیں۔
ابو عبیدہ نے اپنے سرکاری ٹیلیگرام چینل پر جاری پیغام میں وضاحت کی کہ بریگیڈز نے اپنے پاس موجود زندہ قیدیوں اور دشمن کی لاشوں کو فوری اور بغیر کسی تاخیر کے متعلقہ فریقوں کو سونپ دیا، حالانکہ قابض اسرائیل نے کئی بار معاہدے کی خلاف ورزی کی اور متعدد سفاکانہ مظالم انجام دیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ القسام بریگیڈز اس معاملے کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس میں کسی قسم کی تاخیر یا تاخیری حربہ استعمال نہیں کر رہی، تاکہ فلسطینی عوام کے مفاد کو مقدم رکھا جا سکے۔ ابو عبیدہ نے واضح کیا کہ یہ کارروائیاں انتہائی پیچیدہ اور تقریباً ناممکن حالات میں کی گئیں، تاکہ تمام دشمن قیدیوں کی لاشوں کو ثالثوں کی نگرانی میں واپس کیا جا سکے۔
ابو عبیدہ نے ثالثوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور قابض اسرائیل کو اس معاہدے پر عمل کرنے پر مجبور کریں۔
جہاں تک سپاہی ران گویلی کی لاش کا تعلق ہے ابو عبیدہ نے کہا کہ القسام بریگیڈز نے تمام دستیاب معلومات اور تفصیلات ثالثوں کے ساتھ شیئر کی ہیں، تاکہ لاش کی موجودگی کا پتہ لگایا جا سکے۔
انہوں نے اختتام میں کہا کہ القسام کی سچائی کا ثبوت یہ ہے کہ دشمن نے اب اس جگہ تلاش شروع کر دی ہے، جو بریگیڈز نے فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر منتخب کی ہے۔
