اسلام آباد (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو غزہ کے لیے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کو امریکہ کے صدر کی جانب سے یہ دعوت موصول ہوئی ہے۔ پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور حصہ لے گا تاکہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔
صدر ٹرمپ نے ترکیہ کے صدر طیب ایردوآن اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو بھی خط لکھ کر اس امن بورڈ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ امن بورڈ عبوری طور پر غزہ کے امور کی نگرانی کرے گا اور جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں اس کا قیام شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ امن بورڈ ٹیکنو کریٹس پر مشتمل انتظامی کمیٹی کی نگرانی بھی کرے گا، جبکہ اس بورڈ کے سربراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے۔ ترک صدر کے دفتر نے بھی صدر طیب ایردوآن کی اس بورڈ میں شمولیت کی تصدیق کر دی ہے۔