بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج نے مشرقی لبنان کے علاقے بقاع الغربی میں مختلف مقامات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
لبنانی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیل کے دو ڈرون طیاروں نے بقاع کے علاقے میں واقع سحمر اور مشغرا کی بلدات میں اہداف پر حملے کیے۔
ذرائع کے مطابق ڈرون طیاروں نے بلدہ سحمر میں دو عمارتوں کو نشانہ بنایا جن کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہو سکی۔ حملوں کے بعد لبنانی فوج کی دو گشت ٹیمیں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ مقامات کی جانب روانہ ہوئیں۔
اس سے قبل قابض اسرائیلی فوج نے مغربی بقاع کے علاقے سحمر میں دو رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
اسی تناظر میں قابض اسرائیلی فوج نے مشرقی لبنان کے مغربی بقاع میں واقع بلدہ مشغرا میں حزب اللہ کے اہداف پر بمباری کے ارادے کا اعلان بھی کیا۔
یہ خطرناک جارحیت قابض اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے ساتھ طے پانے والے سیز فائر معاہدے کی مسلسل اور کھلی خلاف ورزیوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو نافذ العمل ہو چکا ہے۔
ان حملوں کے ساتھ ساتھ قابض اسرائیل اپنے جنگی اور ڈرون طیاروں کی جنوبی لبنان کی فضاؤں میں مسلسل پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ گذشتہ جنگ کے دوران قبضے میں لی جانے والی پانچ سرحدی پہاڑیوں پر اس کا ناجائز قبضہ بدستور برقرار ہے جو خطے کے امن کے لیے ایک مستقل خطرہ بنا ہوا ہے۔
