Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

عالمی خاموشی جرم کو مزید سنگین بنا رہی ہے: یورومیڈ

(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) یورومیڈیٹرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غزہ کے جنوبی حصے رفح میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی وسیع پیمانے پر تباہی اور زمین ہموار کرنے کی کارروائیوں کو روکا جا سکے، جب تک کہ خصوصی ٹیموں اور ضروری آلات کو متاثرین کی لاشیں نکالنے، ان کی شناخت اور باعزت تدفین کی اجازت نہ دی جائے۔

ایک بیان میں یورومیڈیٹرینین نے خبردار کیا کہ رفح میں نام نہاد سبز شہر کے عنوان سے علاقے کی ازسرنو تشکیل کے زیر گردش منصوبے درحقیقت آبادی کو الگ تھلگ کرنے اور زبردستی فوجی کنٹرول میں قائم گھیٹوز میں قید کرنے کے لیے استعمال ہوں گے، جس سے مقامی باشندوں کی اپنے اصل گھروں سے مستقل بے دخلی، ان کی بقا کے بنیادی وسائل پر ضرب اور مہلک طرزِ زندگی مسلط کیے جانے کا خطرہ ہے۔

ادارے نے بتایا کہ گذشتہ دنوں کے دوران قابض اسرائیل کی فوج اور اس کے ماتحت کام کرنے والے ٹھیکیداروں نے رفح کے اس پورے علاقے کو خالی کرایا جو مکمل طور پر اسرائیلی کنٹرول میں ہے اور وہاں ملبہ ہٹانے اور زمین ہموار کرنے کا آغاز کیا، جبکہ قابض فوج نے حالیہ گھنٹوں میں دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں کم از کم ستر فیصد ملبہ ہٹایا جا چکا ہے۔

یورومیڈیٹرینین کے مطابق رفح میں یہ کارروائیاں اس حقیقت کے باوجود جاری ہیں کہ مصدقہ شواہد موجود ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے اور گلیوں اور زرعی کھیتوں میں سینکڑوں لاشیں دبی ہوئی ہیں، جس سے باقیات کے ضائع ہونے اور شناخت سے پہلے ہی ان کے نشانات مٹ جانے کا شدید خدشہ ہے۔

ادارے نے یاد دلایا کہ اس سے قبل گھروں پر ان کے مکینوں سمیت بمباری اور نقل مکانی کی کوشش کرنے والے شہریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات دستاویزی صورت میں سامنے آ چکے ہیں، مگر قابض اسرائیل کی مکمل فوجی گرفت اور شہر تک رسائی پر پابندی کے باعث طبی عملہ اور امدادی ٹیمیں متاثرین تک نہ پہنچ سکیں۔ مزید برآں اسرائیلی کنٹرول والے علاقوں میں مقامی مسلح گروہوں کے قیام یا ان کی فعالیت نے ماحول کو مزید غیر محفوظ بنا دیا، جس سے کسی بھی محفوظ انسانی رسائی کو عملاً ناممکن کر دیا گیا۔ موجودہ ملبہ ہٹانے کی کارروائیاں دراصل اسی امدادی رکاوٹ کا تسلسل ہیں اور شواہد مٹانے کے خطرے کو دوچند کر رہی ہیں۔

یورومیڈیٹرینین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے اور زمین برابر کرنے سے لاشوں کی باقیات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہیں یا ملبے میں گڈمڈ ہو سکتی ہیں، جس کے بعد اس ملبے کو نامعلوم مقامات یا کوڑے کے ڈھیروں میں منتقل کیا جا سکتا ہے، یوں لاشوں کا سراغ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا اور شناخت ناممکن بن جائے گی۔

ادارے نے زور دیا کہ یہ اقدامات مردوں کی حرمت اور ان کے اہل خانہ کے حقوق کی سنگین پامالی ہیں اور باعزت تدفین کے عمل کو پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ اس نے فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کی ٹیموں اور فرانزک ماہرین کو جدید سروے آلات اور مقام کی نشاندہی کی ٹیکنالوجی کے ساتھ داخل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرین کو نکال کر ان کی شناخت کی جا سکے اور انہیں عزت کے ساتھ دفنایا جا سکے۔

یورومیڈیٹرینین نے بتایا کہ غزہ میں لاپتا افراد کی تعداد کا اندازہ تقریباً آٹھ ہزار لگایا جا رہا ہے جن میں سے سیکڑوں کے بارے میں قوی امکان ہے کہ وہ شہید ہو چکے ہیں اور ملبے یا اسرائیلی فوجی پیش قدمی والے علاقوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں، بالخصوص رفح میں۔ ادارے نے کہا کہ لاشوں کی بازیابی اور باعزت تدفین کے لیے بار بار کی جانے والی اپیلوں کو نظرانداز کرنا شرمناک اور ناقابل قبول ہے، جو لاپتا افراد کے خاندانوں کے زخموں کو گہرا کرتا اور انہیں سچ جاننے، سوگ منانے اور تدفین کے حق سے محروم کرتا ہے۔

ادارے کے مطابق نام نہاد سبز شہر کے نام پر فلسطینیوں کو ایک ایسے علاقے میں زبردستی منتقل کرنے کا جواز پیش کیا جا رہا ہے جو اس وقت اسرائیلی کنٹرول اور اس کی تشکیل کردہ مسلح جماعتوں کے زیر اثر ہے، جو فوجی نظم و نسق کے تحت زمین اور آبادی کی خطرناک ازسرنو انجینئرنگ کی مثال ہے۔ اس سے یہ علاقہ عملی طور پر ایک آبادیاتی گھیٹو میں تبدیل ہو جائے گا، خصوصاً اس کے ساتھ رفح کو مٹانے اور باشندوں کے اپنے گھروں کو لوٹنے کے حق کو ختم کرنے کی کوشش شامل ہے، جو غزہ کی جغرافیائی اور آبادیاتی ساخت میں مستقل تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔

یورومیڈیٹرینین نے کہا کہ نام نہاد سبز شہر کی موجودہ شکل اور زمینی حقائق پر اس کا نفاذ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ممنوعہ اقدامات کا ایک مکمل نظام قائم کرتا ہے اور بین الاقوامی جرائم کے درجے تک پہنچتا ہے، کیونکہ اس میں شہریوں کو زبردستی اور غیر قانونی طور پر ایک مخصوص علاقے میں منتقل کرنا، ان کی واپسی کو عملاً ناممکن بنانا، علاقوں کو بند فوجی زون قرار دینا اور آمد و رفت رہائش اور قیام پر سخت پابندیاں عائد کرنا شامل ہے، جو آزادی سے غیر قانونی محرومی کے مترادف ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ بنیادی حقوق کی دانستہ اور امتیازی بنیادوں پر پامالی کے ساتھ ہو رہا ہے، جو ظلم و ستم کے زمرے میں آتا ہے، اس کے علاوہ کسی فوری فوجی ضرورت کے بغیر وسیع پیمانے پر املاک کی تباہی اور لاشوں کی بازیابی سے پہلے ملبہ ہٹانا مردوں کی حرمت اور خاندانوں کے حقوق کی پامالی ہے اور شواہد کے تحفظ کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

یورومیڈیٹرینین کے مطابق نام نہاد سبز شہر جاری نسل کشی کے عمل کا تکمیلی ذریعہ ہے، کیونکہ یہ رفح کو مٹا کر آبادی کی واپسی روکنے اور لوگوں کو سکیورٹی گیٹس اجازت ناموں اور نگرانی کے تحت چلنے والے الگ تھلگ علاقے میں دھکیل کر وسیع تباہی اور بے دخلی کو مستقل حقیقت بنا دیتا ہے۔ اس نظام کے تحت خوراک پانی ادویات ایندھن صحت کی خدمات اور نقل و حرکت پر منظم پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں اور لوگوں کو قابض طاقت کے زیر کنٹرول امداد پر مجبور انحصار میں رکھا جا سکتا ہے۔

ادارے نے خبردار کیا کہ اس طرح مجوزہ شہر کوئی امدادی منصوبہ نہیں بلکہ ایسا ماحول بن جاتا ہے جو بتدریج ہلاکت صحت اور سماجی ڈھانچے کے انہدام بھوک بیماری اور اموات کو بڑھاتا ہے اور جان بوجھ کر ایسے حالات مسلط کرتا ہے جو کسی گروہ کی مکمل یا جزوی جسمانی تباہی کا باعث بنتے ہیں۔

یورومیڈیٹرینین نے زور دیا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت قابض طاقت پر لازم ہے کہ وہ طبی عملے اور امدادی ٹیموں کو متاثرین تک فوری اور محفوظ رسائی دے، ہلاک شدگان کی تلاش اور ان کی باعزت حفاظت کو یقینی بنائے، شناخت ممکن بنائے اور لاشیں اہل خانہ کے حوالے کرے۔ لاشوں کی بازیابی میں رکاوٹ ڈالنا یا انہیں ملبے کے نیچے چھوڑ دینا یا دانستہ یا متوقع نقصان کے خطرے سے دوچار کرنا ان قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس پر عالمی سطح پر جواب دہی لازم ہے۔

ادارے نے مطالبہ کیا کہ رفح میں ملبہ ہٹانے اور زمین ہموار کرنے کی تمام کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں، جب تک کہ ایک واضح لازمی اور تکنیکی انسانی طریقہ کار قائم نہ کیا جائے جو لاپتا افراد کی منظم تلاش لاشوں کی بازیابی باقیات کے تحفظ اور شواہد مٹنے سے روکنے کی ضمانت دے۔

یورومیڈیٹرینین نے غزہ بھر میں بشمول رفح تلاش بازیابی اور دستاویز بندی کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک آزاد عالمی طریقہ کار قائم کرنے کا مطالبہ کیا، جس میں فرانزک طب عدالتی انجینئرنگ اور قبرستانوں کے انتظام کے بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں تاکہ شفافیت اور شواہد کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادارے نے یہ بھی کہا کہ رفح سے باہر ملبہ منتقل کرنے یا ٹھکانے لگانے پر پابندی عائد کی جائے جب تک متاثرہ علاقوں کا مکمل فرانزک اور انسانی سروے نہ ہو جائے، ملبہ جمع کرنے کے مقامات کو واضح محفوظ اور محدود رسائی والا بنایا جائے اور شناخت کے عمل کے لیے فوری تکنیکی مدد فراہم کی جائے، جس میں متحرک ڈی این اے لیبارٹریاں یا تیز رفتار حوالگی کے انتظامات اور لاپتا افراد کا مشترکہ ڈیٹا بیس شامل ہو۔

یورومیڈیٹرینین نے نام نہاد سبز شہر کے تحت کسی بھی ایسے انتظام کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا جو آبادی کی زبردستی منتقلی اجتماع یا الگ تھلگ کرنے اور سکیورٹی نظم و نسق کے ذریعے ان کی زندگیوں پر کنٹرول قائم کرنے پر مبنی ہو، اور اسے غیر قانونی فریم ورک قرار دیا جو انسانی تحفظ اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے منافی ہے اور جبری منتقلی شدید آزادی سے محرومی اور ظلم و ستم جیسے جرائم کو مضبوط کرتا ہے اور غزہ میں جاری نسل کشی کے عمل کو مکمل کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔

آخر میں یورومیڈیٹرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے بااثر ممالک اور فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، محض تشویش کے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی دباؤ کے اقدامات کریں تاکہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم روکے جا سکیں، جن میں کسی بھی فوجی سکیورٹی لاجسٹک یا مالی تعاون کی معطلی، اسلحہ اور گولہ بارود کی منتقلی پر جامع پابندی اور ان جرائم کی معاونت کرنے والی تجارتی اور مالی سرگرمیوں پر قدغن شامل ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan