بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے، جن میں بالخصوص بلدہ کفر فیلا اور بلدہ عین قانا کے درمیان واقع علاقے کے علاوہ ریحان کی پہاڑیاں، جرمق، سجد اور وادی حومین شامل ہیں۔
لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد تنصیبات اور عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جب کہ کئی دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
اسی ذریعے نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں بلدہ رمیش کے اطراف کو بھی متعدد گولوں سے نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ اس نے لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ سے منسوب اہداف پر حملے کیے ہیں، جو جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل اور دانستہ خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے۔
قابض اسرائیل کی فوج نے ایک مختصر بیان میں دعویٰ کیا کہ وہ لبنان کے کئی علاقوں میں حزب اللہ سے وابستہ اہداف پر حملے کر رہی ہے، جب کہ زمینی حقائق ان حملوں کو کھلی جارحیت اور علاقائی استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔
