(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جمعرات کی علی الصبح غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں قابض اسرائیلی افواج کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ شمالی مغربی کنارے میں نابلس شہر کے جنوب میں واقع بلدہ اللبن الشرقیہ کے قریب ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنانے کے بعد پیش آیا۔
مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے دانستہ طور پر فائرنگ کی جس کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور جائے وقوعہ تک رسائی روک دی گئی تاکہ حقیقت کو چھپایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق قابض فوج نے ایک زخمی نوجوان کو گرفتار کر کے قابض علاقوں کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا تاہم اس کی حالت اور زخموں کی نوعیتکے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب فلسطینی ایمبولینس عملے نے دوسرے زخمی کو سلفیت سرکاری ہسپتال منتقل کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 22 سالہ زخمی نوجوان کو کمر میں گولی لگی جس کے بعد اس کا آپریشن کیا گیا اور اس کی حالت درمیانی درجے کی بتائی جا رہی ہے۔
شہید کے اہلِ خانہ نے تصدیق کی ہے کہ شہید نوجوان کی شناخت خطاب محمد سرحان ضراغمہ کے نام سے ہوئی ہے جن کی عمر 26 برس تھی۔ اہلِ خانہ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے انہیں زخمی حالت میں گرفتار کیا اور اللبن کے میدان کے علاقے میں حراست میں رکھا۔ بعد ازاں انہیں مقبوضہ فلسطین کے دوسرے علاقے کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا مگر خاندان اور متعلقہ اداروں کو نہ تو ان کی حالت سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی زخموں کی نوعیت بتائی گئی جس کے نتیجے میں وہ شہادت کے درجے پر فائز ہو گئے۔
