(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ شہر کے مشرق میں قابض اسرائیل کی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک معصوم فلسطینی بچی شہید ہو گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہیدہ دانا حسین احمد مقاط کی عمر 11 سال تھی اور وہ شمال مشرقی غزہ شہر کے علاقے الزرقاء میں قابض اسرائیل کی فوج کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہو گئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب قابض اسرائیل نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ سرکاری میڈیا آفس نے گذشتہ اتوار کو بتایا تھا کہ غزہ کے علاقے میں قابض اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے نفاذ کے بعد 10اکتوبر سے اب تک 969 بار اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
آفس نے مزید بتایا کہ ان واقعات کے نتیجے میں 418 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور 1141 دیگر زخمی ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 45 غیر قانونی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔
گذشتہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے معاہدے کا نفاذ عمل میں آیا تھا، جس نے 8 اکتوبر سنہ 2023ء کو قابض اسرائیل کی طرف سے مسلط کی گئی ایک منظم نسل کشی کی جنگ کو ختم کیا تھا، جس میں 70 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 171 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل تھے۔
