(مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسرائیل نے صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل اور احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پیر کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ یورپی یونین نے صومالیہ کی خودمختاری کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب، ترکی، قطر اور مصر سمیت 21 مسلم ممالک اور او آئی سی (OIC) نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا اور سنگین نتائج کی وارننگ دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام صومالیہ کو تقسیم کرنے کے ساتھ ممکنہ طور پر غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے لیے صومالی لینڈ کو استعمال کرنے کی سازش بھی ہو سکتا ہے، جبکہ صومالیہ حکومت نے فوری طور پر فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔