مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیل کے انتہا پسند وزیر برائے داخلی سکیورٹی ’ایتمار بن گویر‘ نےدعویٰ کیا ہے کہ تقریباً 100 قابض اسرائیلی ڈاکٹر فلسطینی اسیران کو سزائے موت دینےکے لیے رضاکارانہ طور پر تیار ہیں، بشرطیکہ کنیسٹ میں وہ متنازع قانون منظور ہو جائے جس کی قیادت وہ خود کر رہے ہیں۔
ایتمار بن گویر کے یہ بیانات قابض اسرائیلی پارلیمان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے ایک سخت اور تلخ اجلاس کے دوران سامنے آئے، جو اس متنازعہ قانون پر غور کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت کسی بھی فلسطینی اسیر کو جسے قابض اسرائیلیوں کے قتل میں ملوث قرار دیا جائے، سزائے موت دی جا سکے گی۔
مجوزہ قانون کے مطابق پھانسی کا حکم جاری ہونے کے 90 دن کے اندر زہریلے انجکشن کے ذریعے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ایتمار بن گویر نے ٹیلیگرام پر جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ چونکہ زندہ قابض اسرائیلی قیدی غزہ سے واپس آ چکے ہیں اس لیے اس قانون پر عمل نہ کرنے کا کوئی عذر یا جواز باقی نہیں رہتا۔
انتہا پسند وزیر نے اس حقیقت کے باوجود کہ قابض اسرائیل کی ڈاکٹروں کی یونین پہلے ہی کسی بھی سزائے موت پر عمل درآمد میں شرکت سے انکار کر چکی ہے۔ یہ دعویٰ کیا کہ 100 سے زائد ڈاکٹر درخواستیں دے چکے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ پھانسی کی سزا پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔
ایتمار بن گویر نے مزید کہا کہ قابض اسرائیل کا جنرل سکیورٹی ادارہ شاباک اس قانون کی حمایت کرتا ہے اور اس کے مطابق سزائے موت نافذ کرنے سے باز deterrence بڑھے گا، جیسا کہ اس کا دعویٰ ہے۔
اجلاس کے دوران زولات انسٹیٹیوٹ برائے مساوات اور انسانی حقوق کی چیف ایگزیکٹو عینات عوفادیا نے ایتمار بن گویر کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تم آخری شخص ہو جوڈیٹرنس حکمرانی یا سکیورٹی کی بات کر سکتا ہے اور آخری شخص ہو جس سے سزاؤں کے بارے میں مشورہ لیا جائے۔
عوفادیا نے مزید کہا کہ سزائے موت کوئی سزا نہیں بلکہ قتل ہے، جس پر ایتمار بن گویر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اسی ویڈیو کلپ میں ان پر قاتلوں اور حماس کی حمایت کا الزام عائد کیا۔
قابض اسرائیلی کنیسٹ گذشتہ نومبر میں فلسطینی اسیران کو سزائےموت کے قانون کی پہلی ریڈنگ میں منظوری دے چکی ہے تاہم یہ قانون نافذ ہونے کے لیے ابھی دوسری اور تیسری قراءت سے منظور ہونا باقی ہے۔
یہ مجوزہ قانون ایتمار بن گویر کی جانب سے فلسطینی اسیران کے خلاف سزاؤں کو مزید سخت بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، ایسے وقت میں جب قابض اسرائیلی جیلوں میں ان کے خلاف سنگین اور منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
فلسطینی اسیران کے امور سے وابستہ اداروں کے مطابق گذشتہ عرصے میں نافذ کیے گئے اقدامات میں ملاقاتوں پر پابندی، خوراک کی مقدار میں کمی اور غسل کی سہولت محدود کرنا شامل ہے، جو ایک منظم جابرانہ پالیسی کے تحت اسیران کے بنیادی انسانی حقوق کو نشانہ بنا رہی ہے۔
