فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے سوسان رائس نے نیویارک میں یہودی تنظیموں کی جانب سے منعقدہ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی قومی سلامتی کے بارے میں احساس ذمہ داری رکھتا ہے جو تمام سیاسی جماعتوں میں وجہ اشتراک ہے اور اس پر کسی قسم کی ڈیل نہیں کی جا سکتی۔ سوسان رائس نے کہا کہ امریکا ہمیشہ خطے میں اسرائیل کی فوجی برتری کو برقرار رکھے گا تاکہ وہ ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کر سکے۔ اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے نے کہا کہ امریکہ سفارتی میدان میں بھی ہمیشہ اسرائیل کا دفاع جاری رکھے گا اور امریکی صدر براک اوباما نے بھی عہد کر رکھا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف ہر قسم کی بین الاقوامی کوشش کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ وہ ملک ہے جس نے اسرائیل کے معرض وجود میں آنے کے 11 منٹ بعد اس کو قبول کیا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے اپنی صدارتی مہم کے دوران امریکی خارجہ سیاست میں واضح تبدیلی کے وعدے کئے تھے لیکن کچھ عرصے بعد ہی واضح ہو گیا کہ وہ بھی سابق امریکی صدور کی طرح یہودی لابی سے سخت متاثر ہیں۔