مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے، 11 اکتوبر 2025ء کو نافذ العمل ہوا تھا۔ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 394 فلسطینی شہری شہید اور 1075 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح قابض اسرائیل کی کشتیوں نے جنوبی غزہ میں خان یونس اور رفح شہروں کے ساحل کے سامنے کھلے سمندر میں فائرنگ کی۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
اسی دوران قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ میں خان یونس شہر کے مشرقی علاقوں پر فضائی حملہ کیا۔
اسی کے ساتھ ایک اور فیلڈ پیش رفت میں ذرائع نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں رفح شہر کے شمالی حصے میں قابض فوج کی عسکری گاڑیوں سے فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں کشیدگی اور تصعید بدستور برقرار ہے۔
بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پٹی میں شدید موسمی حالات پہلے سے تباہ شدہ عمارتوں کے منہدم ہونے کا باعث بن رہے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ موسمی حالات کی بگڑتی صورتحال انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں وسیع پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے۔
ریڈ کراس نے زور دیا کہ غزہ میں فوری طور پر مزید انسانی امداد پہنچائی جائے، جن میں مستقل رہائش کے سامان کی فراہمی بھی شامل ہو، تاکہ شہریوں کو تحفظ دیا جا سکے اور جاری انسانی المیے میں ان کی تکالیف کو کم کیا جا سکے۔
غزہ پٹی کے بے گھر افراد تیسری مرتبہ ڈوبنے کی اذیت سے دوچار ہیں، یہ صورتحال فلسطینی علاقوں پر آنے والے تیسرے شدید موسمی دباؤ کے باعث پیدا ہوئی ہے، جو موسلا دھار بارشوں کے ساتھ آیا ہے۔
اس سے قبل غزہ میں سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اعلان کیا تھا کہ موسمی دباؤ کے آغاز سے اب تک 17 سے زائد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان موسمی حالات کے نتیجے میں 17 شہری شہید ہوئے، جن میں چار بچے شامل ہیں۔ کچھ شہری شدید سردی کے باعث جبکہ دیگر عمارتوں کے انہدام کے نتیجے میں جان سے گئے۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ سنہ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری قابض اسرائیل کی نسل کشی میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 70,668 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 171,152 تک جا پہنچی ہے۔
وزارت نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ سنہ 11 اکتوبر کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک 394 فلسطینی شہید اور 1075 زخمی ہوئے ہیں جبکہ تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے سے 634 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
وزارت صحت نے اس امر پر بھی زور دیا کہ متعدد شہداء اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، وسیع تباہی اور ریسکیو کے لیے درکار آلات کی کمی کے باعث ان تک رسائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
قبل ازیں اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” نے بتایا تھا کہ 10 اکتوبر 2025ء سے اب تک قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی تعداد 813 سے تجاوز کر چکی ہے۔ اوسطاً روزانہ تقریباً 25 خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ حماس نے صورتحال کو نہایت خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ معاہدے کے تسلسل کے لیے شدید خطرہ ہے۔
یہ جنگ بندی اس نسل کش جنگ کے خاتمے کا باعث بنی تھی جس کا آغاز قابض اسرائیل نے اکتوبر سنہ 2023ء میں کیا تھا اور جو دو برس تک جاری رہی۔ اس جنگ نے ہزاروں جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ شہری اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کی تعمیر نو پر آنے والی لاگت تقریباً 70 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
