مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکر ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے اپنے جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور عسکری صنعتی شعبے کے قائد عظیم کمانڈر شہید رائد سعید سعد ابو معاذ کی شہادت کا اعلان کرتے ہوئےبتایا ہے کہ ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے ایک نئے قائد کو مقرر کر دیا گیا ہے۔
القسام بریگیڈز نے اتوار کی شام اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری بیان میں کہا کہ شہید رائد سعد ہمارے عظیم مجاہدین میں سے ایک تھے اور وہ گذشتہ روز ہفتے کے دن اپنے کئی مجاہد بھائیوں کے ہمراہ قابض صہیونی مجرم دشمن کی جانب سے کی گئی ایک بزدلانہ قاتلانہ کارروائی میں شہید ہوئے۔ یہ حملہ سیز فائر معاہدے کی کھلی اور صریح خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہمارے عظیم قائد ایک طویل اور درخشاں جہادی سفر کے بعد اپنے رب کے حضور جا پہنچے۔ انہوں نے مزاحمت اور جہاد کے مختلف میدانوں میں بے مثال قربانیاں دیں اور القسام بریگیڈز کے عسکری صنعتی نظام کی قیادت کی جو سات اکتوبر کے دن ہماری مزاحمت کی تخلیقی قوت کی بنیادی ستون بنی اور معرکہ طوفان الاقصیٰ کے دوران قابض اسرائیلی فوج کو کاری ضربیں لگانے اور اس کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا سبب بنی۔
القسام بریگیڈز نے زور دے کر کہا کہ قابض اسرائیل نے فلسطینی عوام اور ان کے قائدین کو نشانہ بنا کر تمام سرخ لکیریں عبور کر لی ہیں اور پورے غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر جاری سفاکیت کے ذریعے ہر اخلاقی اور انسانی ضابطے کو پامال کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ قابض دشمن ٹرمپ منصوبے کو بھی پاؤں تلے روند رہا ہے۔
بریگیڈز نے ٹرمپ اور تمام ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان خطرناک تجاوزات اور ہمارے عوام مجاہدین اور قائدین کے خلاف جاری صہیونی بدمعاشی کی مکمل ذمہ داری قبول کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قابض اسرائیل کی جارحیت کا جواب دینا ہمارا جائز حق ہے اور ہم ہر ممکن ذریعے سے اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ القسام بریگیڈز کی قیادت نے شیخ شہید ابو معاذ کی انجام دی جانے والی ذمہ داریوں کو سنبھالنے کے لیے ایک نئے قائد کو مقرر کر دیا ہے۔
القسام بریگیڈز نے عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جہادی جدوجہد ہرگز نہیں رکے گی اور قائدین کی شہادت ہمارے حوصلے پست نہیں کرے گی بلکہ ہمیں مزید مضبوط عزم اور استقامت عطا کرے گی تاکہ ہم اسی راستے پر چلتے رہیں جسے ہمارے شہدا نے اپنے خون سے روشن کیا۔ یہ ہمارے عظیم فلسطینی عوام کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے اور تحریک حماس کی بھی یہی روایت ہے جو 38 برس سے جہاد قربانی اور استقامت کی تاریخ رقم کر رہی ہے اللہ کے لیے پھر فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے لیے اور اپنے مظلوم عوام اور عادلانہ قضیے کے دفاع کے لیے۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے اور وہ ہمارے اعمال کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا اور اللہ اپنے کام پر غالب ہے لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ گذشتہ روز ہفتے کے دن قابض اسرائیلی جنگی طیاروں نے مغربی غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں شہید قائد رائد سعد اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ سوار تھے۔ اس حملے میں وہ سب شہید ہو گئے۔
اتوار کے روز سینکڑوں افراد نے شہدا کی نماز جنازہ ادا کی جو کیمپ الشاطئ میں واقع مسجد الابیض کے مصلیٰ میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں شہدا کو غزہ شہر کے شیخ رضوان قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
