فلسطینی حکومت میں وزارت مذہبی و اسلامی اوقاف کی القدس امور سے متعلق کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ شیخ رائد صلاح کی جان کو نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہو گی. خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس کی زیرحراست ایک شدت پسند یہودی نے اعتراف کیا تھا کہ اسرائیل کی داخلی سیکیورٹی سے متعلق خفیہ ادارے”شاباک” نے اسے مقبوضہ فلسطین میں قائم تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا ہے. یہودی آباد کار کے اس دعوے کے ردعمل میں القدس کمیٹی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شاباک کی فلسطینی قیادت کےخلاف قتل کی سازشوں کی شدید مذمت کی ہے. القدس کمیٹی کے مرکز اطلاعات فلسطین کو موصولہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج اور خفیہ ادارے گذشتہ کئی سال سے شیخ رائد صلاح کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہے ہے. اسرائیلی اداروں کے ہاتھوں کسی بھی ایسے ناقابل برداشت اقدام کو عملی شکل دینے سے قبل عرب ممالک اور عالم اسلام اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے شیخ رائد صلاح کے تحفظ کو یقینی بنائیں.