مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کو ایک بار پھر پامال کرتے ہوئے جارحیت کا سلسلہ جاری رکھا اور مشرقی غزہ میں وحشیانہ فضائی حملوں، گولہ باری اور رہائشی گھروں کی تباہی کا ارتکاب کیا۔
ایک مقامی ذریعے کے مطابق قابض اسرائیل کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے مشرقی رفح اور مشرقی خانیونس کی جانب شدید فائرنگ کی اور گولہ باری کے ذریعے علاقے میں خوف و دہشت پھیلا دی۔
قابض فوج نے رفح کے شمال مغربی علاقے میں کئی رہائشی عمارتوں کو دھماکوں سے اڑا دیا اور پورے محلوں کو ملبے کے ڈھیروں میں بدل دیا۔
اسی طرح قابض اسرائیل کی بھاری توپ خانہ نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مشرقی حصے کو نشانہ بناتے ہوئے اندھا دھند گولہ باری کی۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق دس اکتوبر سنہ 2025 کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 373 فلسطینی شہری شہید اور 970 زخمی ہوئے جبکہ اب تک 624 شہدا کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئی ہیں۔
وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والے جارحانہ حملوں کے بعد سے قابض اسرائیلی سفاکیت کی مجموعی شہدا کی تعداد 70 ہزار 360 تک پہنچ گئی اور زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار 47 ہو گئی۔