مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
مصر کے وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قاہرہ امریکہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ غزہ کے لیے ایک تعمیری کانفرنس کا انعقاد کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس کانفرنس سے پہلے غزہ میں جنگ بندی کو مضبوط بنیاد پر قائم کرنا ضروری ہے۔
عبد العاطی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین تعمیری کانفرنس کی مشترکہ صدارت کے قیام پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں اور اس کے انعقاد کی تاریخ کے تعین کے لیے بھی مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ “ہم امید کرتے ہیں کہ جلد از جلد اس کانفرنس کے انعقاد کے لیے مناسب وقت طے پا جائے گا۔”
عبد العاطی نے ایک بار پھر غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی مصر کی طرف سے غزہ کے تقسیم کی کسی بھی کوشش کی مکمل طور پر تردید کی۔
انہوں نے بتایا کہ مصر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کے حوالے سے منصوبے کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کے قریب ہے، اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ دوسرے مرحلے کے آغاز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر خارجہ نے غزہ میں مزید انسانی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ یہ امداد بڑی مقدار میں اور قابض اسرائیل کی کسی قسم کی پابندی کے بغیر پہنچائی جائے، اور کہا کہ یہ انسانی ضروریات کی فوری تکمیل غزہ کے عوام کے لیے سب سے بڑی ترجیح ہے۔