مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
مقبوضہ فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان میں حزب اللہ کے شہید ہیثم علی طباطبائی کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ان کے کردار کو فلسطینی مزاحمت کی تقویت کا ضامن قرار دیا۔
روزنامہ قدس نیوز کی مانیٹرنگ ڈیسک رپورٹ کے مطابق، حماس کی عسکری شاخ، شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں لبنان میں اسلامی مزاحمت حزب اللہ کے ممتاز کمانڈر شہید ہیثم علی طباطبائی (سید ابو علی) کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے ۔ القسام کے بیان میں کہا گیا کہ ہم فخر، عزت اور نصرتِ الٰہی کے وعدے پر یقین رکھتے ہوئے اس عظیم کمانڈر کی شہادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہید سید ابو علی نے قدس کے دفاع کی راہ میں اپنے مجاہد ساتھیوں کے ساتھ غاصب صیہونی ریاست کے مجرمانہ فضائی حملے میں بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں جامِ شہادت نوش کیا۔
القسام بریگیڈز نے شہید طباطبائی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری عمر بالخصوص طوفان الاقصی معرکے کے دوران فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت کی بھرپور حمایت کی۔ شہید طباطبائی نے برسوں کی جدوجہد میں صیہونی قابضین کے خلاف مزاحمت کے محاذ کو تشکیل دینے اور مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ اتوار کی شام اسرائیلی فضائی حملے میں بیروت کے جنوبی نواحی علاقے ضاحیہ کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں حزب اللہ کے ممتاز کمانڈر ہیثم ابو علی طباطبائی سمیت کم از کم پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔