غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
فلسطینی مزاحمتی فورسز نے غزہ میں طوفان الاقصیٰ الاحرار معاہدے کی شقوں کے تحت قابض اسرائیل کے ایک قیدی کی لاش حوالے کر دی۔ یہ کارروائی اسلامی تحریک مزاحمت “حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ سرایا القدس نے مشترکہ طور پرانجام دی۔
قابض اسرائیل کے فوجی ترجمان نے تصدیق کی کہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی ٹیموں نے یہ لاش غزہ کے وسطی علاقے میں وصول کی۔ یہ اقدام اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جو القسام بریگیڈز نے پہلے سے کیا تھا جس کے مطابق لاش کی حوالگی کا وقت غزہ کے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے مقرر تھا۔
سرايا القدس نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ اس کےفیلڈ یونٹوں کو غزہ کے وسطی علاقے میں ایک اسرائیلی قیدی کی لاش ملی تھی جس کے بعد ضروری کارروائیاں مکمل کی گئیں اور پھر اس کی باضابطہ حوالگی عمل میں آئی۔
یہ پیش رفت مزاحمتی دھڑوں اور قابض اسرائیل کے درمیان جاری اس وسیع مذاکراتی عمل کا حصہ ہے جس کا مقصد ایسی تبادلہ ڈیل تک پہنچنا ہے جس کے تحت غزہ میں موجود اسرائیلی قیدیوں اور فوجیوں کی لاشوں کی بازیابی کے بدلے میں قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کو رہا کیا جائے۔