غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان کی حزب اللہ کے ممتاز رہنما ہيثم علی الطبطبائی کی بزدلانہ صہیونی حملے میں شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جنہیں اتوار کی شام بیروت کی جنوبی ضاحیہ میں قابض اسرائیل کی وحشیانہ فضائی حملے میں ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا۔
القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں بتایا کہ الطبطبائی اپنے رفقاء کے ہمراہ اس بزدلانہ فضائی حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔ بیان میں ان کے اس نمایاں کردار پر روشنی ڈالی گئی جو انہوں نے معرکہ طوفان الاقصیٰ کے دوران فلسطینی مزاحمت کی پشت پناہی کے لیے ادا کیا اور برسوں تک قابض اسرائیل کے خلاف مزاحمتی محاذ کی تقویت میں حصہ ڈالتے رہے۔
بیان میں اس شہید مجاہد کی فلسطینی عوام اور ان کی آزادی کی جدوجہد کیلئے کی جانے والی عظیم خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ الطبطبائی نے برسہا برس مزاحمتی محور کی قوت و استعداد کی تعمیر اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے بھی اتوار کی شام اپنے بیان میں اعلان کیا کہ “مجاہد قائد ہيثم علی الطبطبائی” جنوبی ضاحیہ میں ٹارگٹڈحملے کے نتیجے میں شہید ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی اپنی سرزمین اور اپنی قوم کے دفاع کے لیے وقف کر دی اور وہ مزاحمت کی قوت کو جڑوں سے مضبوط کرنے اور اس کے شاندار کارناموں کی بنیاد رکھنے والے ممتاز قائدین میں سے تھے۔
قابض اسرائیل کی جانب سے کی گئی اس جارحانہ غارت گری کے نتیجے میں جنوبی ضاحیہ ایک شدید دھماکے سے لرز اٹھا۔ تل ابیب نے دعویٰ کیا کہ اس نے الطبطبائی کو “درست انداز” میں نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ایک رہائشی عمارت تباہ ہوئی اور متعدد بے گناہ شہری زخمی ہوئے جنہیں قابض اسرائیل کی سفاکیت کا نشانہ بننا پڑا۔