غزہ ۔مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
طبی ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ غزہ کی پٹی میں شہداء اور زخمیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر دو لاکھ پینتالیس ہزار چھ سو چھالیس ہو گئی ہے جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے یہ تعداد سات اکتوبر سنہ 2023ء کو قابض اسرائیل کی نسل کش حملہ آور ی کے آغاز سے اب تک کی ہے۔
طبی ذرائع نے تصدیق کی کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار آٹھ سو تینتیس تک پہنچ گئی ہے جبکہ متعدد لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں اور امدادی و سول ڈیفنس کی ٹیمیں انتہائی مشکل حالات میں ان تک رسائی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں تینتیس شہداء لائے گئے جن میں بتیس نئے شہداء شامل ہیں۔ ان نئے شہداء میں بارہ بچے اور آٹھ خواتین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹھاسی زخمی بھی ہسپتال پہنچائے گئے۔
بیان کے مطابق گیارہ اکتوبر سنہ 2023 کو ہونے والے سیز فائر معاہدے کے بعد سے اب تک قابض اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں تین سو بارہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور سات سو ساٹھ زخمی ہوئے ہیں جبکہ پانچ سو بہتر لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئی ہیں۔