غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
غزہ شہر کے مشرقی حصے میں قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے، جو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔
غزہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے نے مشرقی غزہ کے علاقے الشعف میں شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔
درایں اثناء فلسطینی وزارت صحت نے رپورٹ دی کہ گذشتہ 72 گھنٹوں میں قابض اسرائیل کی سفاکانہ بمباری کے نتیجے میں غزہ کے ہسپتالوں میں 17 افراد پہنچائے گئے، جن میں دو نئے شہداء اور 15 جسد خاکی نکالے گئے، جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ متعدد شہداء ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر پڑے ہیں اور امدادی ٹیمیں و دفاعی ادارے ابھی تک ان تک پہنچنے میں ناکام ہیں۔
وزارت صحت نے یہ بھی واضح کیا کہ فائر بندی (10 اکتوبر 2025) کے بعد سے مجموعی طور پر شہداء کی تعداد 266، زخمیوں کی تعداد 635 اور نکالے گئے جسم خاکی کی تعداد 548 ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سنہ2023 کے 7 اکتوبر سے قابض اسرائیل کے حملوں میں کل 69,483 فلسطینی شہید اور 170,706 زخمی ہوئے ہیں۔
مزید برآں، 279 نئے شہداء کو سرکاری کمیٹی کی توثیق کے بعد سرکاری اعداد و شمار میں شامل کیا گیا، جو 7 نومبر 2025 سے 14 نومبر 2025 کے درمیان مکمل معلومات کے حامل ہیں۔