مقبوضہ بیت المقدس ۔مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
مقبوضہ بیت المقدس گورنری نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز سینکڑوں صہیونی آبادکاروں نے قابض اسرائیل کی پولیس کی سخت سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول دیا اور مقدس مقام کے صحنوں میں کھلے عام تلمودی رسومات ادا کیں۔
القدس گورنری کے مطابق مجموعی طور پر 793 آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں اشتعال انگیز گشت کیا اور تلمودی عبادات او ر رسومات انجام دیں۔
گورنری کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ درجنوں آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ کے مشرقی حصے میں خاص طور پر مصلیٰ و باب الرحمت کے قریب تلمودی عبادات ادا کیں اور مقدس مقام کی حرمت کو پامال کیا۔
یہ اشتعال انگیز یلغاریں قابض اسرائیل کی اس منظم مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد القدس کی اسلامی و تاریخی شناخت کو مٹانا اور مسجد اقصیٰ پر اسلامی سیادت کو کمزور کرنا ہے۔
دوسری جانب القدس اور فلسطین کے اندر سے قیادت اور عوامی حلقے مسلسل مسلمانوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں بڑی تعداد میں جمع ہوں، رباط اور پہرہ دیں تاکہ قابض اسرائیلی سازشوں اور آبادکاروں کے خطرناک منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے اور یہ پیغام دنیا تک پہنچایا جا سکے کہ مسجد اقصیٰ ایک سرخ لکیر ہے جسے کسی صورت پار نہیں کیا جا سکتا۔