غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
فلسطینی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کے غزہ کی پٹی پر جاری وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے مزید 3 فلسطینیوں کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں جبکہ 4 زخمیوں کو غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزارتِ صحت نے بدھ کے روز اپنے بیان میں بتایا کہ تاحال درجنوں شہداء اور زخمی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر پڑے ہیں جہاں تک امدادی کارکنان اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں قابض فوج کی گولہ باری اور مسلسل خطرات کے باعث نہیں پہنچ پا رہیں۔
وزارت نے وضاحت کی کہ فائر بندی کے اعلان کے بعد سے شہداء کی مجموعی تعداد 245 تک جا پہنچی ہے جبکہ 627 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ اسی دوران ملبے تلے سے 532 شہداء کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قابض اسرائیلی جارحیت کے آغاز یعنی 7 اکتوبر سنہ2023ء سے اب تک غزہ کی پٹی میں شہداء کی مجموعی تعداد 69 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 70 ہزار 698 ہو چکی ہے جن میں اکثریت خواتین اور معصوم بچوں کی ہے۔
وزارتِ صحت نے دنیا سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ قابض اسرائیل کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرے جو پوری عالمی برادری کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غزہ کے عوام کو منظم نسل کشی، قحط اور تباہی کا نشانہ بنا رہا ہے۔