غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن
فلسطینی وزارت صحت نے اپنے تازہ بیان میں بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین فلسطینی شہری قابض اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے اور متعدد زخمی حالت میں غزہ کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔
وزارت صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اب بھی درجنوں شہریوں کی لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہیں جہاں ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل قابض اسرائیل کی بمباری کے باعث پہنچنے سے قاصر ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ 11 اکتوبر سنہ2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 245 فلسطینی شہید اور 623 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ ملبے تلے سے 529 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق قابض اسرائیل کی جاری نسل کشی اور درندگی کے نتیجے میں 7 اکتوبر سنہ2023ء سے اب تک مجموعی طور پر 69 ہزار 182 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 70 ہزار 694 زخمی ہو چکے ہیں۔