Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

طوباس: اسرائیلی جارحیت میں فلسطینی نوجوان کی شہادت

غرب اردن ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن

غرب اردن کے شمالی شہر طوباس کے جنوبی علاقے میں قائم الفارِعہ کیمپ میں قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے26 سالہ فلسطینی نوجوان عبد الرحمن احمد عباس دراوشہ شہید ہو گیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق نوجوان کی حالت ابتدا میں نازک بتائی گئی تھی تاہم بعد میں اس کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔

قابض اسرائیلی فوج نے حسبِ معمول جھوٹا دعویٰ کیا کہ شہید دراوشہ نے مبینہ طور پر ان پر حملے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد فوج نے فائرنگ کر کے اسے شہید کر دیا۔

فلسطینی ہلالِ احمر نے بتایا کہ اس کی امدادی ٹیموں نے ایک اور 24 سالہ نوجوان کو بھی قابض فوج کی گولیوں سے زخمی حالت میں طوباس کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا۔

نامہ نگاروں کے مطابق قابض فوج نے ہفتہ کی شب الفارعہ کیمپ پر دھاوا بول دیا، کیمپ کے داخلی دروازے پر پیادہ فوج تعینات کی، اندھا دھند فائرنگ کی اور مرکزی شاہراہ پر آمدورفت روک دی۔

قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور دیہات میں بھی وسیع پیمانے پر چھاپے مارے۔ رنتیس، عابود اور المزرعہ الغربیہ شمال مغربی رام اللہ میں فوجی گاڑیاں داخل ہوئیں۔

فلسطینی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے رنتیس میں شہریوں اور دکانوں کی سمت زہریلی گیس کے گولے داغے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ المزرعہ الغربیہ میں بھی گھروں پر چھاپے مارے گئے مگر گرفتاریوں کی کوئی اطلاع نہیں۔

ہفتہ کی شب قابض اسرائیلی فوج نے شہر البیرہ پر بھی حملہ کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج کے دستے جبل الطویل کے علاقے میں گھروں میں گھسے اور نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ ضبط کر لی۔

قلقیلیہ میں قابض فوج نے کفر قدوم میں کئی گھروں کی تلاشی لی جن میں وہ مکانات بھی شامل ہیں جن کے مکین “طوفان الاحرار” کے معاہدے کے تحت رہا یا جلا وطن کیے گئے تھے۔ اس دوران احمد برہم، جو اسیرِ آزاد ظافر برہم کے والد ہیں، کو گرفتار کیا گیا۔ فوج نے قیس علی نامی نوجوان کو بھی تشدد کے بعد حراست میں لے لیا۔

اسی طرح قابض اسرائیلی فوج نے اماتین گاؤں میں بھی گھس کر گشت کیا تاہم کوئی گرفتاری یا چھاپہ رپورٹ نہیں ہوا۔

جنین میں قابض فوج نے ہفتہ کی شام یعبد قصبے سے تیرہ سالہ بچے راکان عمارنہ کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ سڑک سے گزر رہا تھا۔ فوجیوں نے بچے پر تشدد کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

نابلس میں قابض اسرائیلی فوج نے دَیر شرف چوکی کی سمت سے عین کیمپ میں داخل ہو کر دو نوجوانوں، ایاد مسیمی اور محمد مبروکہ، کو ان کے گھروں پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

فوج نے شہر کے جنوب میں واقع عورف گاؤں سے گذشتہ ہفتے رہا ہونے والے غسان شہادہ اور اس کے بیٹے عبادہ کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔

جنوبی مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج نے بیت لحم کے جنوبی قصبے الخضر پر دھاوا بول دیا۔ فوجی دستے الیمامہ ہسپتال کے قریب اور القدس-الخلیل شاہراہ پر تعینات ہوئے اور فوجی گاڑیوں سے سڑک بند کر دی۔

الخلیل میں قابض فوج نے یطا شہر اور العروب کیمپ میں گھر گھر تلاشی مہم چلائی۔ اسی طرح جنین کے قصبوں عجہ اور برقین میں بھی فوجی چھاپے مارے گئے۔

فلسطینی سرکاری ادارے، ہیئتِ مزاحمتِ جدار و استیطان، کی رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج اور غیر قانونی آبادکاروں نے اکتوبر سنہ2025ء کے دوران مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں، ان کی جائیدادوں اور روزگار کے ذرائع کے خلاف 766 حملے کیے۔

ادارے کے مطابق ان حملوں میں براہِ راست جسمانی تشدد، گرفتاریوں کی مہم، نقل و حرکت پر پابندیاں، ڈرانا دھمکانا، گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگانا اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں۔

یہ تمام حملے قابض اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی جارحیت کا حصہ ہیں جو غزہ پر سات اکتوبر سنہ2023ء کو شروع کی گئی نسل کشی کی جنگ کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan