غزہ ۔ مرکزاطلاعات فلسطین فاؑنڈیشن
فلسطینی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کے روز قابض اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کے ذریعے 15 شہداء کی لاشیں حوالے کی ہیں۔ اس طرح قابض سے موصول ہونے والی شہداء کی لاشوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 285 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ اب تک 285 میں سے صرف 84 شہداء کی شناخت کی جا چکی ہے جن کی لاشیں قابض اسرائیل کی جانب سے واپس کی گئی ہیں۔
وزارت کے مطابق طبی عملہ ان تمام لاشوں کے ساتھ منظور شدہ طبی اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق برتاؤ کر رہا ہے تاکہ ان کی جانچ، دستاویزی کارروائی اور بعد ازاں لواحقین کے حوالے کرنے کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شہداء کی لاشوں کی واپسی قابض اسرائیل کے ساتھ اسیران اور شہداء کے جسد خاکی کے تبادلے کے معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔
اس سے قبل وزارتِ صحت واضح کر چکی ہے کہ قابض کی طرف سے دی جانے والی لاشوں کے ساتھ ان کی شناخت یا معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ مزید یہ کہ ان میں سے متعدد لاشوں پر واضح تشدد، بدسلوکی اور جسمانی اذیت کے نشانات پائے گئے ہیں جبکہ طبی معائنے سے ثابت ہوا ہے کہ بعض شہداء کو ميدان میں براہِ راست گولی مار کر شہید کیا گیا۔