غرب اردن، (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن)
قابض اسرائیلی فوج اور صہیونی آبادکاروں کے خلاف گزشتہ ہفتے کے دوران غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے 79 کارروائیاں انجام دیں۔ یہ اعداد و شمار مرکز اطلاعات فلسطین “معطی” کی رپورٹ میں جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 24 تا 30 اکتوبر 2023ء کے درمیان انجام دی جانے والی ان کارروائیوں میں بم دھماکے، صہیونی آبادکاروں کے حملوں کی کوششوں کو ناکام بنانا اور مختلف علاقوں میں قابض افواج کے ساتھ شدید جھڑپیں شامل تھیں۔
مرکز نے بتایا کہ مزاحمت کاروں نے پانچ بم دھماکے کیے اور ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا، جبکہ متعدد علاقوں میں مجاہدین اور قابض افواج کے درمیان مسلح جھڑپیں بھی ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے صہیونی آبادکاروں کے بیس حملوں کو ناکام بنایا، جبکہ ان جھڑپوں کے دوران آبادکاروں کی دو گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
اس کے علاوہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا، جن میں پتھراؤ کے 47 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام نے قابض اسرائیلی درندگی اور مسلسل قتل عام کے خلاف دو عوامی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی، جو اس بات کا مظہر ہیں کہ فلسطینی عوام قابض اسرائیل کے مظالم کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور ان کی مزاحمت مسلسل جاری ہے۔