غزہ(مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) جنوبی غزہ کے شہر خانیونس کی پولیس نے اتوار کی شام اعلان کیا ہے کہ وہ پیر کے روز رہاہونے والے فلسطینی اسیران کے استقبال کے لیے سخت ترین ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات نافذ کرے گی۔ یہ انتظامات ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اطراف میں کیے جا رہے ہیں جہاں رہاہونے والے اسیران کی آمد متوقع ہے۔
پولیس نے اپنے باضابطہ اعلامیے میں بتایا کہ پیر کی صبح سات بجے سے ناصر میڈیکل کمپلیکس کے اردگرد کی کئی مرکزی اور ذیلی شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند کر دی جائیں گی، اور یہ بندش اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
پولیس کے مطابق بند کیے جانے والے راستوں میں شارع البحر کا حصہ عمارت جاسر سے مفترق الظہرہ تک، مفترق الظہرہ سے مفترق النمساوی تک، مفترق النمساوی سے اردنی ہسپتال تک، اور اردنی ہسپتال سے ناصر میڈیکل کمپلیکس کے شمالی دروازے تک شامل ہیں۔
اعلامیے میں مزید وضاحت کی گئی کہ ناصر میڈیکل کمپلیکس کا وسیع صحن مکمل طور پر رہاہونے والے اسیران کے استقبال کے لیے مخصوص ہوگا، جبکہ مریضوں اور طبی عملے کا داخلہ صرف شمالی اور مشرقی دروازوں کے ذریعے ممکن ہوگا۔
پولیس نے بتایا کہ اسیران کے اہل خانہ کے لیے ہند الدغمہ سینٹر کے شمالی میدان کو مختص کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے پیاروں کا استقبال وہاں کر سکیں، اور اس مقام میں داخلہ صرف کمپلیکس کے جنوبی دروازے سے ممکن ہوگا۔ بیان میں شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ دیگر مقامات پر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
خانیونس پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کے وسطی اور مغربی حصوں تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں اور ہدایات پر عمل درآمد کے ذریعے اس قومی دن کی سرگرمیوں کو پرامن اور منظم بنانے میں سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج پیر کے روز ایک تاریخی معاہدے کے تحت 250 ایسے فلسطینی اسیران کو رہا کرے گی جو عمر قید اور طویل سزاؤں کاٹ رہے تھے، اس کے علاوہ غزہ کے 1700 اسیران کی رہائی بھی عمل میں آئے گی۔ یہ رہائی غزہ پر مسلط جنگ کے خاتمے کے معاہدے کے حصے کے طور پر ہوگی جس کے تحت مزاحمتی قوتیں اپنے قبضے میں موجود اسرائیلی اسیران کو حوالے کریں گی۔