غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے ایک سینئر رہنما نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے سے متعلق سمجھوتے میں کسی قسم کی خفیہ شقوں کی خبریں بے بنیاد اور سراسر غلط ہیں۔
حماس کے رہنما نے الجزیرہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک قابض اسرائیل کے طرزِ عمل اور معاہدے کے نفاذ کے ہر مرحلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
یاد رہے کہ آج دوپہر قابض اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ غزہ کی پٹی میں فائر بندی کا معاہدہ باضابطہ طور پر دوپہر 12 بجے نافذالعمل ہو گیا ہے۔
حماس کے مؤقف نے ایک بار پھر یہ بات واضح کر دی ہے کہ یہ معاہدہ کسی پسِ پردہ مفاہمت کا نتیجہ نہیں بلکہ بین الاقوامی ثالثوں کی موجودگی میں طے پایا ہوا ایک شفاف اور عوامی معاہدہ ہے، جس کا مقصد قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کا خاتمہ اور فلسطینی عوام کو سکھ کا سانس دلانا ہے۔