بیروت (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فضائیہ نے آج پیر کے روز جنوبی لبنان میں ایک عام شہری گاڑی کو نشانہ بنا کر دو لبنانی شہریوں کو شہید کر دیا جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
لبنانی وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ قابض اسرائیل کے ڈرون طیارے نے ضلع نبطیہ کے علاقے زبدین کی مرکزی شاہراہ پر ایک عام شہری گاڑی پر میزائل داغا جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی شہید اور تیسرا شدید زخمی ہو گیا۔
یاد رہے کہ حزب اللہ اور قابض اسرائیل کے درمیان 27 نومبر سنہ2024ء کو جنگ بندی معاہدہ عمل میں آیا تھا جس کے تحت 13 ماہ سے جاری سرحدی جھڑپوں اور دو ماہ کی کھلی جنگ کا خاتمہ ہونا تھا۔ تاہم قابض اسرائیل نے حسبِ روایت معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں اور دیہات پر توپ خانے اور فضائی بمباری جاری رکھی ہے جس کے نتیجے میں متعدد لبنانی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ تازہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قابض اسرائیل نہ صرف فلسطین بلکہ پورے خطے میں اپنی جارحیت اور درندگی کے ذریعے بدامنی پھیلانے اور گریٹر اسرائیل کے اپنے توسیع پسندانہ منصوبے پر عمل پیرا ہے۔