بیروت (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) آج جمعرات کی صبح قابض اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے جنوبی لبنان میں ایک کار پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
لبنان کی وزارت صحت عامہ کے ہنگامی آپریشن سینٹر نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ قابض اسرائیل کے طیارے نے الجُرمق – الخَردَلی روڈ پر کار کو نشانہ بنایا جس سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد شہید اور ایک زخمی ہوا۔
قابض اسرائیل مسلسل حزب اللہ کے ساتھ طے پانے والے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور جنوبی و مشرقی لبنان کے کئی علاقوں پر بمباری کر رہا ہے۔ قابض اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ ہتھیاروں کے ذخائر، ڈھانچے اور حزب اللہ کے کارکنوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ اب بھی ان پانچ بلندیاں پر قابض ہے جن پر اس نے گذشتہ جنگ میں قبضہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اکتوبر سنہ2023ء میں قابض اسرائیل نے لبنان پر حملہ شروع کیا تھا جو ستمبر سنہ2024ء میں ایک ہمہ گیر جنگ میں بدل گیا۔ اس جنگ میں 4 ہزار سے زائد افراد شہید اور لگ بھگ 17 ہزار زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد نومبر سنہ2024ء میں جنگ بندی معاہدہ ہوا۔