قلقیلیہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) قابض اسرائیلی فوج نے اتوار کی شام مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع گاؤں جیت کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ فلسطینی مجاہد نے وہاں صہیونی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔
عبرانی ریڈیو نے تصدیق کی کہ نابلُس اور قلقیلیہ کے درمیان واقع سڑک پر ہونے والی اس کارروائی میں ایک صہیونی فوجی گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک فلسطینی گاڑی نے جیٹ چوراہے پر کھڑے قابض اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ قابض فوج کے ترجمان نے بتایا کہ فوراً حملے کی اطلاع ملی اور صہیونی فوجیوں نے موقع پر ہی فائرنگ کر کے فلسطینی مجاہد کو شہید کر دیا۔
قابض اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق یہ کارروائی صہیونی کالونی “قدومیم” کے قریب ہوئی جہاں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوا۔ ذرائع نے کہا کہ قابض اسرائیلی فوج نے فوراً موقع پر بھاری نفری تعینات کر دی۔
ابھی تک قابض اسرائیل نے شہید فلسطینی کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیل روزانہ کی بنیاد پر چھاپہ مار کارروائیاں، گرفتاریوں، گھر گھر تلاشی اور بربریت مسلط کر رہا ہے جن کے دوران اکثر اوقات جھڑپیں اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے واقعات پیش آتے ہیں۔