صنعاء (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) یمن کی مسلح افواج نےاعلان کیا ہے کہ ان کی فضائی فورسز نے نے دو کامیاب فوجی کارروائیاں کیں جن میں ڈرونز کے ذریعے قابض اسرائیل کے اہداف کو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں بئر السبع اور ام الرشراش (ایلات) میں نشانہ بنایا گیا۔ فوج نے بتایا کہ یہ حملے اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور صہیونی فضائی دفاعی نظام انہیں روکنے میں بری طرح ناکام ہوا۔
یمنی افواج نے کہا کہ یہ کارروائیاں فلسطینی عوام کی مظلومیت کے انتقام اور قابض اسرائیل کی نسل کشی اور غزہ کے خلاف بڑھتے ہوئے جارحانہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ انہوں نے غزہ میں صہیونی درندگی کے مقابل سینہ سپر مجاہدین کے صبر اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
مزید بتایا گیا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں یہ دوسری کارروائی تھی، کیونکہ منگل کے روز بھی انہی علاقوں میں صہیونی اہداف کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ یمنی افواج نے واضح کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کے ساتھ فلسطینی عوام کی پشت پر کھڑی ہیں اور یہ تعاون قابض اسرائیل کی جارحیت رکنے اور غزہ سے محاصرہ اٹھنے تک جاری رہے گا۔
بدھ کی شام ایک ڈرون حملے میں صہیونی سیاحتی شہر ام الرشراش (ایلات) میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 23 صہیونی آبادکار زخمی ہوگئے۔
یمنی افواج نے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں صہیونی اہداف پر حملے جاری رکھیں گی اور قابض بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی میں مزید سختی لائیں گی تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ یمن اپنی پالیسی پر ثابت قدم ہے اور غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔