غزہ (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) صہیونی آبادکاروں سے وابستہ عبرانی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینی مزاحمت کی ایک کارروائی کے دوران قابض اسرائیلی فوج کے متعدد فوجی غزہ کی پٹی کے اندر زخمی ہوگئے۔
ان ذرائع کے مطابق زخمی فوجیوں کو اندرون مقبوضہ علاقے میں واقع بلینسون ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم فوج نے زخمیوں کی تعداد اور نوعیت بتانے سے انکار کر دیا اور فوجی سنسر شپ کے تحت کارروائی کی تفصیلات روک دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کاروں کے ایک گروہ نے غزہ کے اندر ایک قابض اسرائیلی ٹینک کو بارودی دھماکے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فوجیوں کی صفوں میں زخمی ہوئے۔
مزید یہ کہ مجاہدین بریگیڈز نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ انہوں نے القسام بریگیڈز کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کیں جن میں قابض اسرائیلی فوج اور اس کی جنگی گاڑیوں کو غزہ کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنایا گیا۔
فوجی اعلامیے میں کہا گیا کہ مزاحمت کاروں نے خان یونس کے جنوبی علاقے میں مفترق مرتجی کے قریب قابض اسرائیلی فوج کے اجتماع پر 107 ملی میٹر کے متعدد راکٹ داغے۔
ایک علیحدہ کارروائی میں بریگیڈز نے اطلاع دی کہ انہوں نے غزہ شہر کے مشرقی علاقے الشجاعیہ کے الزيتون محلے میں المصلبہ کے مقام پر قابض اسرائیلی ٹینک میرکافہ کو سَعیر میزائل سے براہ راست نشانہ بنایا جس سے ٹینک کو شدید نقصان پہنچا۔